کانپور،28؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر کانپور کی کانگریس کمیٹی نے آج شہر کے مختلف مقامات پرہورڈنگ لگوائے ہیں جس میں کہاگیاہے’’مودی حکومت، تین سال بے مثال، عوام پوچھے سوال‘‘۔کانگریس شہرصدرہرپرکاش اگنی ہوتری نے بتایاکہ بی جے پی نے حکومت تشکیل سے پہلے عوام سے کئی وعدے کئے تھے، تین سال گزرگئے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ عوام کو جملوں میں الجھایاجا رہاہے۔انہوں نے بتایا کہ ہورڈنگ کے ذریعے کانگریس پارٹی نے عوام کی جانب سے مودی حکومت سے دس سوال پوچھے ہیں۔یہ سوال ہیں15لاکھ روپے اکاؤنٹ میں کب آئیں گے، اسمارٹ سیتی کہاں پر بنی ،بتائیں، بیرون ملک سے کالا دھن کب آئے گا، اے ٹی ایم سے روپے کب نکلیں گے، کشمیر میں دفعہ 370کب ہٹے گی، پاکستان کو اس کی زبان میں جواب کب ملے گا، وجے مالیا، للت مودی اور داؤدکب بھارت لائے جائیں گے، نوٹ بندی کے فوائد کیا ہوئے، ہر سال دو کروڑ روزگار کا وعدہ کب پورا ہوگا اور اتر پردیش کب جرائم سے پاک ہوگا۔انہوں نے بتایاکہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ایسے تین ہورڈنگ شہر میں کوتوالی کے سامنے،GPOکے سامنے اور پھول باغ چوراہے پر لگائے گئے تھے۔لیکن پھول باغ چوراہے پر لگی ہورڈنگ کو بی جے پی لیڈروں نے ہٹوا دیا۔